Friday 21 November 2008

مقدمات سے نمٹنا

ايس ايف او کے مقدمات ی سماعت کے دوران پیش ہونے والے گواہان کا ہدایت نامہ

مندرجہ ذيل وضاحتيں عدالت ميں گواہ کے طور پر پیش ہونے کے طريقۂ کار کی وضاحت کے لئے اور ان عام قسم کے سوالات کے جواب دینے کےلئے پيش کی جارہي ہيں، جو کہ ایک گواہ پوچھ سکتا ہے۔

سيريس فراڈ آفس يہ امر يقينی بنانے کا پابند ہے کہ اپنے مقدمات ميں پیش ہونے والے گواہان کو ممکن حد تک مکمل ترين معلومات اور اعانت مہیا کرے۔ ڈائريکٹر آپ سب کا انتہائی ممنون ہے جو ايس ايف او کے مقدمات ميں گواہی دينے کے لئے رضامندی ظاہر کرتے ہیں۔ گواہ بننا ايک انتہائی اہم عوامی خدمت ہے۔

ايس ايف او کے مقدمے مں گواہ کی حيثيت سے آپ کو ايس ايف او کے کیس سيکريٹری کا نام بتايا گيا ہو گا۔ اگر آپ کوئی سوال پوچھنا چاہیں تو براہ کرم اس سے ضرور رابطہ کريں۔

اگر آپ سے مقدمے کے سيکريٹری کا نام کھو گیا ہے يا کچھ اور عام نوعیت کے سوالات پوچھنا چاہتے ہيں

تو پوچھنے کے لئے، ايس ايف و کی پبلک انکوائری کے نمبر 7190 7239 020 پر فون کريں يا پہر ای میل کریں۔

آپ کی گواہی

گواہ وہ شخص ہوتا ہے جو مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت ميں گواہی ديتا ہے۔

ايس ايف او کے مقدمات مجرمانہ مقدمات ہوتے ہيں اور جس شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کی جا رہی ہو، اسے "مدعا عليہ" کہا جاتا ہے۔ مقدمے کا نام مدعا عليہ کے نام پر ہوتا ہے:

"ريجينا برخلاف جان براؤن"

آپ

آپ کی گواہی حقائق پر مبنی ہو گی- یعنی وہ سب کچھ جو آپ جانتے ہيں يا آپ نے ديکھا ہے يا سنا ہے يا جس کا آپ کو تجربہ ہوا ہے۔ عدالت ایسے لوگوں کو سننا چاہتی ے جن کے پاس مقدمے کے حقائق کا ذاتی علم ہو تا کہ وہ یہ فيصلہ کرنے کے قابل ہو سکیں کہ آيا مدعا عليہ نے ان جرائم کا ارتکاب کیا ہے يا نہيں جن کا اس پر الزام لگایا گيا ہے۔

ممکن ہے آپ کو پہلے ہی کہا گيا ہو کہ ايس ايف او کے تفتيش کاروں کے لئے تحريری ا ور دستخط شدہ شہادتی بيان ديں- ممکن ہے آپ نے ایسی دستاويزات يا ان کی نقليں بھی مہيا کی ہوں جن کا مقدمے کے ساتھ واسطہ ہے (انہيں آپ کی تحریری شہادتیں کہا جاتا ہے)۔

ممکن ہے آپ جج، جيوری، مدعا عليہ اور وکيلوں کی موجودگی ميں کھلی عدالت ميں زبانی گواہی دیں؛يا

آپ کا شہادتی بيان اور تحریری شہادتیں عدالت ميں پڑھی جائيں گى (بغير اس ضرورت كے كہ آپ موجود هوں)۔

ممکن ہے آپ کو پہلے ہی مقدمے کے سيکريٹری کی طرف سے اس امر کا خط مل چکا ہو کہ مقدمہ کہاں اور کب عدالت ميں جا رہا ہے۔

اگر آپ اس بارے میں پريقين نہيں ہیں کہ آيا آپ کو عدالت میں جانے کی ضرورت ہے یا نہیں تو مقدمے کے سيکريٹری سے رابطہ کريں۔

اگر آپ نے ابھی تک تحريری شہادتی بيان پر دستخط نہيں کئے ليکن کچھ عرصہ قبل آپ کا انٹرويو ہو چکا ہے يا ايس ايف او کے تفتيش کاروں نے آپ سے رابطہ کیا تھا تو تفتيش کاروں سے رابطہ کريں۔ ممکن ہے کہ آپ کی گواہی کی ضرورت ہی نہ ہو۔

عدالت ميں آمد کی تیاری کرنا

  • ہو سکتا ہے آپ نے اپنا شہادتی بيان کچھ عرصہ پہلے ديا ہو اور اس کا پيچيدہ معاملات کے ساتھ واسطہ رہا ہو۔ اگر آپ محسوس کرتے ہيں کہ آپ کو اپنی ياداشت تازہ کرنے کی ضرورت ہے، تو براہ کرم بیان کی نقل حاصل کرنے کے لئے مقدمے کے سيکريٹری سے رابطہ کريں۔
  • يہ ضروری ہے کہ آپ اپنی گواہی کو تازہ کرنے کے لئے دوسرے گواہان کے ساتھ اس کے متعلق بات نہ کريں۔ اگر آپ دوسرے گواہوں کو پہلے سے جانتے ہوں تو براہ کرم ا نکے ساتھ مقدمے کے متعلق گفتگو کرنے سے گریز کریں۔ مخصوص حالات ميں يہ مجرمانہ فعل سمجھا جا سکتا ہے۔
  • اگر کوئی آپ سے آپ کی گواہی کے متعلق پوچھے يا پوچھ چکا ہو تو فوری طور پر مقدمے کے سيکريٹری سے رابطہ کريں۔ بہت شاذو نادر مواقع پر ممکن ہے کہ سماعت سے پہلے ہی آپ کو مدعا عليہ کے وکيلوں کے سامنے بيان دينے کے لئے کہا جائے۔
  • اگر آپ مدعا عليہ، اس کے رشتے داروں یا کسی دوسرے شخص سے عدالت میں ملاقات کے خیال سے پريشان ہیں تو مقدمہ کے سيکريٹری کو آگاہ کریں۔
  • اگر آپ کی انگريزی اچھی نہيں ہے اور آپ ترجمان کی خدمات حاصل کرنا چاہیں تو مقدمہ کے سيکريٹری سے رابطہ کريں۔
  • اگر آپ کسی معذورى کا شکار ہیں یا آپ کی کچھ مخصوص ضروريات ہيں،تو براہ کرم مقدمہ کے سيکريٹری سے رابطہ کريں۔
  • اگر آپ پہلے کبھی عدالت ميں نہيں گئے اور وقت سے پہلے ایک دورے کا بندوبست کرنا چاہيں؛ تو مقدمہ کے سيکريٹری سے رابطہ کريں۔ بہت سی مقامی کراؤن عدالتوں میں كهلے دن ہوتے ہیں اور رہبر کی زیرقیادت سیاحتی دوروں کا اہتمام ہوتا ہے جن ميں آپ مفت شامل ہو سکتے ہيں۔
  • گواہی دینے کے بعد آپ کو سفر پر آنے والے اخراجات واپس لوٹا دیے جائيں گے۔
  • اگر آپ بيرون ملک سے سفر کر کے آ رہے ہيں، تو مقدمہ کے سيکريٹری سے اپنی ضروريات پر بات چيت کريں۔ ممکن ہے آپ کو اپنی تمام تحریری شہادتیں عدالت ميں اپنے ساتھ لانے کے لئے کہا جائے۔ آپ کو انہيں کمرہ عدالت ميں لانے کی اجازت ہو گی ليکن آپ اپنا شہادتی بيان ساتھ نہيں لے جا سکیں گے۔ کوئی ایسی چیز اپنے ساتھ کمرہ عدالت میں نہيں لائيں جو لانے کو کہا نہ گیا ہو؛ ليکن اگر آپ کے پاس کچھ دستاويزات ہيں جو آپ کے خيال ميں مقدمے سے متعلق ہیں تو مقدمہ کے سيکريٹری کو بتائيں۔

عدالت ميں آمد میں

  • جب آپ کراؤن کورٹ ميں پہنچيں، تو براہ کرم مقدمات کی فہرست ديکھيں،جو اندر داخل ہوتے ہی ہال ميں نصب بورڈ پر آویزاں ہو گی۔
  • مقدمہ مدعا عليہ کے نام کے تحت درج ہو گا جیسے کہ " آر وی (مدعا عليہ کا نام)"، بمعہ عدالت کے نمبر کے جہاں مقدمے کی سماعت ہو رہی ہو گی۔ متبادل کے طور پر آپ عدالت ک عملے سے مدد کے لئے کہہ سکے ہيں۔
  • آپ کو مطلوبہ نمبر کی عدالت کے دروازے پر يا اس کے نزديک ہی انتظار کرنا چاہيئے۔ مقدمے کا نام دروازے کے ساتھ ديوار پر لکھا ہو گا۔ مقدمہ کا سيکريٹری آپ کا منتظر ہو گا/گی اور آپ سے اپنا تعارف کرائے گا/گی۔

جب تک آپ کو بلايا نہ جائے، عدالت کے اندر نہ جائيں ۔ عموما گواہوں کو مقدمے کا کوئی حصہ ديکھنے کی اجازت نہي ہوتی، جب تک کہ وہ اپنی گواہی نہ دے لیں۔

براہ کرم گواہی دینے کے منتظر دوسرے گواہوں کے ساتھ مقدمے کے متعلق بات نہ کريں۔

ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ گواہی دينے کے لئے بلائے جانے سے پہلے آپ کو کمرہ عدالت کے باہر زياده دير تک انتظار نہ کرنا پڑے۔ بہر حال دير ہو سکتی ہے اور اس کی وجہ بہت سے ایسے معاملات ہو سکتے ہیں جو کہ ہماری پہنچ سے باہر ہوتے ہيں۔ ہمارا ہدف اس امر کو يقينی بنانا ہے کہ کی گواہ کو دو گھنٹے سے زيادہ انتظار نہ کرنا پڑے۔ ہم یہ مقصد حاصل کرنے کے ئے پوری کوشش کريں گے اور يقينی بنائيں گے کہ مقدمہ کا سيکريٹری کسی قسم کی تاخیرکی وجوہات اور اس کى متوقع طوالت سے آپ کو آگاہ رکھے۔

بہت سی عدالتوں ميں گواہوں کی ديکھ بھال کے مركز موجود ہيں جہاں رضاکاروں کا عملہ آپ کے انتظار کو خوشگوار بنانے ميں مدد دے گا۔

عدالتی کارروائی

جب عدالت تيار ہو گی تو عدالتى نقيب آپ کا نام پکارے گا/گی اور آپ کو بتائے گا/گی کہ کہاں کھڑا ہونا ہے۔

آپ کو اپنے پورے نام اور پتہ کی تصديق کرنے کے لئے کہا جائے گا۔ اگر آپ چاہتے ہيں کہ آپ کا پتہ کھلی عدالت ميں نہ ظاہر کیا جائے، تو عدالتی کاروائی سے پہلے مقدمہ کے سيکريٹری سے اس کی وجوہات بيان کریں۔

آپ کو حلف اٹہانے يا توثيق کرنے کے لئے کہا جائے گا کہ جو گواہی آپ ديں گے وہ سچی ہو گی۔

مثال کے طور پر، عيسائی جديد انجيل کی قسم اٹھائيں گے۔ تاہم ہر عدالت ميں بندوبست ہوتا ہے کہ مختلف عقائد کے گواہ ايسے طريقے سے حلف لے سکتے ہيں جو ا نکے لئے موزوں ہو۔ متبادل کے طور آپ کو حلف اٹھانے کی بجائے توثيق کرنے کی اجازت ہو گی۔ اگر آپ کو اس بارے ميں کوئی تشويش ہے تو آپ کو مقدمہ کے سيکريٹری يا عدالتى نقيب کو آگاہ کرنا چاہئے۔

گواہی دينا

آپ کے حلف اٹھانے کے بعد:

  • پہلے ایس ايف او کا وکيل استغاثہ آپ سے سوالات پوچھے گا۔ يہ "ايگزامينيشن ان چيف" کہلاتا ہے۔
  • ممکن ہے اس کے بعد وکيل صفائی بھی آپ پر جرح کرے۔ اگر وکيل صفائی آپ سے کوئی سوالات نہيں کرتا تو پريشان نہ ہوں۔ اس کا مطلب صرف يہ ہے کہ انہيں آپ کی گواہی کے کسی حصے پر اعتراض نہيں۔ آخر ميں ہو سکتا ہے کہ وکيل استغاثہ دوبارہ سوالات کرے۔
  • يہ بھی ممکن ہے کہ کسی وقت جج بہی آپ سے کچھ سوالات پوچھے۔ اسے "يور آنر" کہہ کر مخاطب کرنا چاہيئے يا اگر وہ ہائی کورٹ کا/کی جج ہو تو اسے "مائی لارڈ" يا "مائی ليڈی" کہنا چاہيئے۔ ہم آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح مخاطب کرنا مناسب ہو گا۔
  • تسلی سے اور صاف آواز میں بوليں،تا کہ جج، جيوری اور وکيل آپ کو سن سکيں۔ اگر آپ کوئی سوال پوری طرح نہ سمجھ سکيں تو اس کا اقرار کرنے میں پريشانی نہ محسوس کریں۔ اسے دہرانے کے لئے کہيں۔

مقدمے کی کاروائی ميں شامل ہر شخص، بشمول وکيل اور جج، یہ امر يقينی بنانے کے لئے متفكر ہوتے ہیں کہ گواہوں کو اپنی گواہی مکمل اور آزادانہ طریقے سے دینے کا موقع فراہم کيا جائے۔

اگر آپ کو گواہی ديتے ہوئے کسی قسم کی مشکل کا سامنا ہو، مثلاً آپ کی طبیعت ٹھیک نہ ہو اور آپ کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہو، يا آپ کو کرسی کی ضرورت ہو يا پینے کے لئے پانی درکار ہو تو براہ کرم جج کو بتایں۔

اگر آپ پہلے کہی گئی اپنی کسی بات کی تصحيح کرنا چاہتے ہوں يا اگر آپ سمجھتے ہو ں کہ جواب دینے سے قبل آپ کو کسی دستاويز کے ملاحظہ کے لئے وقت درکار ہے تو براہ کرم جج کو آگاہ کرنے ميں تامل نہ كريں۔

اگر آپ کی گواہی کے دوران کوئی وقفہ آ جاتا ہے (مثلاً دوپہر کے کھانے کے لئے) تو جج آپ کو متنبہ کرے گا کہ وقفہ کے دوران مقدمے کے متعلق کسی سے بات نہ کريں۔ آپ کو اپنے طور پر دوپہر کا کھانا کھانا ہو گا۔

گواہی دينے کے بعد

اگر آپ اپنی گواہی دينے کے بعد ٹھہرنا اور مقدمے کی کارروای سننا چاہيں، تو آپ کو مقدمہ کے سيکريٹری سے پوچھنا ہو گا، اگر کوئی وجہ ہوئی تو وہ آپ کو بتائے گا کہ يہ کيوں مناسب نہيں ہو گا۔ مثلاً اگر کوئی وجہ ہے کہ مقدمہ کی کاروائی کےدوران کسی بعد کے مرحلہ ميں آپ کو دوبارہ بلايا جانا مقصود ہو تو آپ کو اپنی گواہی دینے کے فورا بعد کمرہ عدالت چھوڑنے کے لئے کہا جائے گا۔

جب آپ اپنی گواہی دے چکیں تو براہ کرم محتاط رہيں کہ ایسے گواہوں کے ساتھ مقدمے کے بارے میں گفتگو نہ کريں جو ابہی گواہی کے لئے نہیں بلائے گئے ۔

مقدمہ کا سيکريٹری آپ کو گواہ کے اخراجات حاصل کرنے کا فارم دے گا۔ آپ کو حق ہو گا کہ سفر کے اخراجات، کام سے غیر حاضری کی وجہ سے ہونے والا مالی نقصان يا دوسرے اخراجات جو عدالت ميں پہنچنے کے لئے ہوئے ہيں،واپس حاصل کر سکيں۔ فارم آپ پر آپ کے استحقاق کی وضاحت کرے گا۔ اگر آپ تمام اخراجات کی رسيیدیں حاصل کريں اور محفوظ رکھيں تو یہ آپ کے لئے معاون ثابت ہو گا۔ آپ کو اپنے دعوے كا معاوضہ 14 دنوں کے اندر وصول ہو جانا چاہيئے۔

سيريس فراڈ آفس عدالت ميں حاضری کے لئے وقت دینے اور تکليف اٹهانے کے لئے آپ کا ممنون ہے۔ منصفانہ اور كهلے مقدمات ہمارے مجرمانہ انصاف کے نظام كى اساس ہيں۔ گواہ کے طور پر آپ کی مدد اس پوری کارروائی کے لئے سرچشمۂ حيات ہے۔ اگر اس طريقۂ کار کے متعلق کوئی چيز آپ کے لئے پريشانی کا باعث ہے يا جو آپ نہيں سمجھ سکے تو براہ کرم ہم سے رابطہ کريں۔

© The Serious Fraud Office. All Rights Reserved 2008.